ٹھٹھہ ،ڈسٹرکٹ کونسل میں مقامی افراد کی عدم تعیناتی پر احتجاج

136

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ کونسل ٹھٹھہ میں مقامی افراد کی جگہ غیر قانونی طور پر غیر مقامی افراد کی بھرتیوں کیخلاف ایپکا ضلع کونسل کے اسٹاف، سندھ ملاح فورم اور ایس ٹی پی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ اور بھوک ہڑتالی کیمپ قائم۔ ضلع کونسل ٹھٹھہ میں چیئرمین ضلع کونسل کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر غیر مقامی افراد کی بھرتیوں کیخلاف ضلع کونسل ٹھٹھہ میں ضلع کونسل کے اسٹاف ایپکا سندھ ملاح فورم اور سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیا گیا۔ مظاہرین نے چیئرمین ضلع کونسل غلام قادر پلیجو کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ایپکا رہنما ارباب سجاد سموں، راجو قریشی، حنیف چنڈ، منظور انڑ، وزیر عابدانی، حنیف بروہی، احمد نواز پٹھان، حاجی اسد خشک، تاج حسین بروہی، جہانگیر میمن، مسرور خشک، تاج میمن، حاجی ابراہیم سمیجو، ایس ٹی پی رہنما جلال شاہ، ملاح رہنما ڈاڈا آدم گندرو، سید ریاض شاہ، لیاقت عباسی اور دیگر نے کہا کہ ضلع کونسل کے چیئرمین غلام قادر پلیجو غیر مقامی اور بااثر لوگوں کو جھوٹے آرڈرز پر جوائننگ دے رہے ہیں، مقامی لوگوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں پر روزگار کے دروازے بند ہورہے ہیں لیکن ضلع کونسل کے چیئرمین اپنی من مانی پر قائم ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ چیئرمین ضلع کونسل ٹھٹھہ کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کرکے غیر مقامی لوگوں کی بھرتیوں کو بند کرکے ضلع کونسل کے اربوں روپے کے فنڈز میں ہونے والی کرپشن اور بے قاعدگیوں کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کراکے مقامی لوگوں کو میرٹ پر نوکریاں دی جائیں، بصورت دیگر احتجاج کے دائرے کو بڑھا کر احتجاجی مظاہرے اور بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔