کوئٹہ کسٹم کی کار روائی،اسمگل کی جانے والی 20ہز ار کلوچھا لیہ ضبط

277

کوئٹہ (این این آئی) کسٹم کوئٹہ کی کارروائی، بیس ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد۔ کسٹم کوئٹہ نے لکپاس کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز چیک پوسٹ پر ایل پی جی گیس بائوزر سے دوران تلاشی بیس ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد کرلی، کلکٹر کسٹمز پریونٹیو عرفان جاوید کو اطلاع ملی کہ چھالیہ مافیا کچھ خطرناک طریقوں سے چھالیہ اندرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس کے لیے کولیفائڈ ایل پی جی گیس کا باؤزر استعمال کیا جائیگا۔ یہ ایک خطرناک طریقہ اسمگلنگ کا ہے، جس سے قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے کلکٹر نے باقاعدہ منصوبہ بندی کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں جس پر ایڈیشنل کلکٹر یاسر کہلوڑ، ڈپٹی کلیکٹر اکبر جان نے مزید سخت ایکشن کے لیے سپرنٹنڈنٹ اسلم خان اور پوسٹ انچارج انسپکٹر احمد نواز زہری کو تیار رہنے کا حکم دیا۔ جس کے بعد گزشتہ شب لکپاس کے مقام پر ایک ہینو ٹرک بائیس ویلرز جو کہ کوئٹہ سے کراچی منتقل ہورہا تھا، جس پر ایل پی جی گیس باؤزر لادی گئی تھی کو روک کر اس کی تلاشی لی تو باؤزر میں چھپائی گئی بیس ہزار کلو گرام چھالیہ برآمد کی گئی، دوران تلاشی کنٹینر کو کسٹم ہاؤس سے دور ویرانے میں لے جاکر چیک کیا گیا تاکہ کسی کو نقصان نے پہنچے۔ گیس کے مکمل اخراج کے بعد اسے واپس کسٹم چیک پوسٹ لاکر خالی کیا گیا۔ چھالیہ مع باؤز قبضے میں لے لیا گیا، برآمد چھالیہ کی قیمت تقریباً 6کروڑ روپے ہے۔ واضح رہے اسی سال فروری کے مہینے میں کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ایک گودام میں پارک اسی طرح کا ایل پی جی کنٹینر اس وقت خوفناک دھماکے سے پھٹا تھا جبکہ اس میں کچھ عناصر چھالیہ لوڈ کررہے تھے۔ دھماکے سے موقع پر موجود کئی لوگ ہلاک ہوئے تھے، اس وقت بھی کسٹم اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام چھالیہ قبضے میں لیں تھیں۔ واضح رہے چیف کلکٹر کسٹمز کی جانب سے سخت ترین اقدام کے بعد اسمگلرز مختلف طریقوں سے اسمگلنگ کی کوشش کرتے ہیں، جن میں اس طرح کے خطرناک طریقے بھی اپنائے جاتے ہیں۔