نواب شاہ(سٹی رپورٹر)نواب شاہ کے علاقے مزمل ٹائون کے رہائشیوں کا برسات کا پانی نکاسی نہ ہونے کے خلاف سجاد کھوکھر، اشرف مٹھانی، عابد چانڈیو، زوہیب چانڈیو، جسقم رہنما سرفراز میمن، علی رضا خاصخیلی، منیر ابڑو، جساف رہنما شعیب میمن اور الطاف رستمانی ودیگر کی قیادت میں نواب شاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیہ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ہمارے علاقے سے برسات کا پانی ابھی تک نکاس نہیں کیا گیا جس کے باعث ہمیں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے کی گٹر لائن مکمل طور پر تباہ ہے، بلدیہ انتظامیہ کو بار بار شکایت کرنے کے باوجود بھی کوئی سننے کو تیار نہیں ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقے سے برسات کا پانی نکالا جائے اور نئی گٹر لائن ڈالی جائے تاکہ ہم سکون سے زندگی بسر کر سکیں۔