کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جا رہے ہیں: اسد عمر

660

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ لوگوں کی طرف سے سن رہا ہوں کہ کورونا وائرس ختم ہوگیا، کورونا وائرس بالکل بھی ختم نہیں ہوا، اب ہم مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے، کورونا کی وجہ سے گزشتہ روز 15 افراد جاں بحق ہوئے، ہمارے لیے 15 اموات بھی زیادہ ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ کورونا کیسز میں کمی کیوں ہوئی، اس کی وجہ بہترین حکمت عملی ہے، کورونا کیسز میں کمی پر فتح کا اعلان نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا سے 78 ہزار اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، کورونا پر قابو پانے کے لیے اپریل میں جامع حکمت عملی بنائی گئی، ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 10 اگست تک کورونا کیسز میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں 20 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ابھی بھی ہے جب کہ 7 ہزار سے زائد کیسز فعال ہیں، کنٹیکٹ ٹریسنگ نظام کے تحت 1 لاکھ افراد کی تشخیص کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ انسداد کورونا سے متعلق حکومتی پالیسی کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی، آج بل گیٹس بھی کہہ رہے ہیں کہ کورونا پر قابو پانا ہے تو پاکستان سے سیکھیں، وولکن بوزکر نے پاکستان کی کورونا کنٹرول پالیسی کی تعریف کی۔

اسد عمر نے کہا کہ ابھی یہ کہنے کی پوزیشن میں نہیں کہ کورونا وبا ختم ہوگئی ہے، پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 3 فیصد ہے۔