ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) سابق صدر آصف زرداری پر عائد کردہ فرد جرم سیاسی انتقام ہے ، پیپلز پارٹی کی قیادت جیلوں سے نہیں گھبراتی ، سابق صدر نے 30 سال جھوٹے مقدمات کا مقابلہ کیا اور آئندہ بھی جھوٹے مقدمات کا مقابلہ کریں گے، پیپلز پارٹی کا ایک ایک جیالا آصف علی زرداری کیساتھ ہے، سابق ایم پی اے حاجی امین لاکھو کی صحافیوں سے بات چیت۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے و سابق ضلعی صدر حاجی محمد امین لاکھو نے لاکھو ہاؤس پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، عمران خان احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کو مٹانا چاہتے ہیں لیکن وہ وقت دور نہیں جب عمران خان اور تحریک انصاف کا نام سیاست سے مٹ جائیگا، موجودہ حکومت نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، لوگ روزانہ عمران خان اور تحریک انصاف کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں پورے پاکستان کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملا اور ملک میں خوشحالی آئی، پیپلز پارٹی کے اقتدار میں تجارتی سرگرمیاں عروج پر تھیں اور عوام خوشحال تھے۔