چمن/ اسلام آباد/ کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل میں ریموٹ کنٹرول بم نصب کرکے اسے سڑک کے کنارے کھڑا کردیا جب اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی گزری تو دھماکا کردیا جس کے نتیجے میں8 شہری شہید اور15 زخمی ہوگئے اور زخمیوں میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے بھی 2 اہلکاربھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔ سول اسپتال چمن میں جگہ کم پڑنے کےسبب شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ا سسٹنٹ کمشنر ذکا اللہ درانی نے کہا کہ دھماکے میں انسداد منشیات فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے چمن میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل و شکست خوردہ عناصر تشدد کے ذریعے اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں‘عوام دہشت گردوں کے خلاف ایک پیج پر ہیں۔