ٹھٹہ ،مکلی میں بجلی اور پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا،شہری پریشان

484

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ مکلی میں بجلی اور پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، کئی محکموں کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، ٹھٹھہ اور مکلی ہیڈ کوارٹر میں بجلی اور پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، دونوں علاقوں میں 8 دنوں سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، محکمہ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے میں مصروف ہے۔ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ انتظامیہ نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا اور محکمہ آبپاشی کو قصور وار قرار دیا اور یہ کہہ ڈالا کہ محکمہ آبپاشی نے نہریں بند کردی ہیں جبکہ مکلی ٹھٹھہ میں نہروں میں پانی موجود ہے، جہاں محکمہ آبپاشی اور پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ کی ملی بھگت سے ٹینکر مافیا پانی نہروں سے بھر کر دوگنی قیمتوں پر پیاس سے ستائے لوگوں کو بیچ رہی ہے۔ مساجد امام بارگاہوں میں وضو تک کے لیے پانی موجود نہیں، پانی کے ساتھ ساتھ بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ حیسکو کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ ٹھٹھہ اور مکلی ہیڈ کوارٹر میں 14 سے 16 گھنٹوں تک مختلف خرابی کے بہانے بجلی بند کی جانے لگی ہے مگر حیسکو انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ ٹھٹھہ اور مکلی کی سول سوسائٹی، سماجی، سیاسی جماعتوں نے حکومت سندھ، ڈی سی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی، بجلی کا بحران پیدا کرنے والے محکموں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔