سکھر،سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی غیر متعلقہ افراد کی آبادکاری کیخلاف علامتی بھوک ہڑتال

166

سکھر( نمائندہ جسارت)سندھ یونائیٹڈ پارٹی سکھر ڈویژن کی جانب سے سندھ میں غیر متعلقہ افراد کی آبادکاری کے خلاف دوسرے روز بھی علامتی بھوک ہڑتال جاری رہی علامتی بھوک ہڑتال کی قیادت مرکزی نائب صدر جگدیش کمار آہوجا، جنرل سیکرٹری روشن برڑو ،ڈویژنل صدر حاتم شر اورعیدن جاگیرانی و دیگر کررہے تھے۔ چوبیس گھنٹے کی جاری علامتی بھوک ہڑتال پر بیٹھے کارکنان نے سندھ میں غیر متعلقہ افراد کی آبادکاری کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی بھی کی۔ علامتی بھوک ہڑتال میں شریک مرکزی صوبائی و ڈویژنل رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ میں چالیس لاکھ سے زائد افغانی باشندے موجود ہیں حکومت کو چاہیے کہ انہیں فی الفور ان کے وطن واپس بھیجا جائے۔رہنمائوں نے مزید کہا سندھ میں غیر قانونی مقیم افراد سندھ کے وسائل ،نوکریوں و کاروبار پر قابض ہوگئے ہیں ،غیر متعلقہ افراد نے سندھ کے نوجوان کے حقوق پر ڈاکا ڈال کر انہیں بے روزگار سمیت خودکشی کرنے پر مجبور کردیا ہے،سوچی سمجھی سازش کے تحت غیر متعلقہ افراد کو سندھ کا ڈومسائل اور شناختی کارڈ جاری کیا جارہا ہے سندھ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور غیر متعلقہ افراد کو سندھ سے بے دخل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے اور غیر مقامی افراد کی ملکیت بنانے،نوکریاں اور کاروبار کرنے سے روکیں اور سندھ میں غیر قانونی طورپر رہنے والے افغانیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کیلیے قدم اٹھاکر سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کرتے ہوئے سندھ کے نوجوانوں میں پائی جانے والی بے چینی دور کریں۔