شجاعت علی رانا جوڈو فیڈریشن کے متفقہ طور دوبارہ چیئرمین منتخب

151

اسلام آباد (جسارت نیوز) کرنل (ریٹائرڈ) شجاعت علی رانا پاکستان جوڈو فیڈریشن کے متفقہ طور دوبارہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ گذشتہ روز پاکستان جوڈو فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس کی صدارت کرنل (ر) جنید عالم نے کی، اجلاس میں کرنل ریٹائرڈ شجاعت علی رانا کو پاکستان جوڈو فیڈریشن کا متفقہ طور دوبارہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے، کرنل شجاعت علی رانا نے ان کو پاکستان جوڈو فیڈریشن کا متفقہ طور پر بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرنے پر تمام ہائوس کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پاکستان جوڈو فیڈریشن ملک میں جوڈو کے کھیل کے فروغ کے لئے پہلے کی طرح تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کھلاڑی امن کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ شجاعت علی رانا نے کہا کہ جوڈو کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر بے شمار میڈلز حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ حسین شاہ کا اولمپک گیمز کے لئے کوالیفائی کرنا نہ صرف شاہ حسین شاہ بلکہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے اور اس بات پر شاہ حسین شاہ اور پاکستان جوڈو فیڈریشن کے تمام اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں، اس موقع پر پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ جنید عالم اور نائب صدر مسعود احمد نے کرنل شجاعت علی رانا کی ملک میں جوڈو کے کھیل کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی پہلے کی طرح ملک میں جوڈو کے کھیل کے فروغ کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔