لاہور(نمائندہ جسارت ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال او رجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل فعال کرنے کے لیے فوری طورپر انتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مختلف محکموں کے با اختیار سیکرٹریز جلد تعینات کردیے جائیں گے ، سیکرٹریٹ کو انتظامی و مالیاتی لحاظ سے خود مختاری دی جائے گی۔ملتان ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے متعلقہ امور مقامی طورپر نمٹائے جائیں گے،وزیراعلیٰ نے ملتان میں غلہ منڈی کی پرانی عمارت کی جگہ100بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے قیام کی منظوری دی،ملتان میں واسا اور سیوریج سے متعلقہ مسائل فوری حل کیے جائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے لوگوں کو ریلیف ملے گا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی قوم نے یوم استحصال کشمیر پر ہر سطح پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا ۔ لاہورسمیت پنجاب کے ہر ڈویژن میں ایک سڑک کو سرینگرکے نام سے منسوب کریں گے۔