لاہور(نمائندہ جسارت) نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں مسلم لیگی رہنما احسن اقبال کے خلاف ریفرنس تیارکرکے منظوری کے لیے ہیڈ کوارٹر ارسال کردیا ۔نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ احسن اقبال کے خلاف ریفرنس آئندہ ہفتے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ احسن اقبال اختیارات کے غلط استعمال پرسیکشن 9اے 6 کے تحت ملزم نامزد ہیں۔ ریفرنس میں درج ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاقی بجٹ سے اسپورٹس سٹی بنانا غیرقانونی تھا، لیگی رہنما نے اپنے سیاسی فائدے کے لیے صوبائی منصوبے پر وفاق سے فنڈ خرچ کیے ،احسن اقبال نے چھوٹے منصوبے کا دائرہ کار بدنیتی سے بڑھا کر منصوبے کی مالیت میں اضافہ کیا۔سال 2012ء میں یہ منصوبہ پنجاب حکومت کے سپرد کیا جا چکا تھا،اس کے باوجود وفاق سے فنڈ لگائے گئے۔پچھلے ماہ احتساب عدالت نے نیب کو26 اگست تک ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کردی تھی اورنارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت 26 اگست تک ملتوی کردی گئی تھی۔اس سے قبل لیگی رہنما کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس دائر کرنے میں تاخیر پر نیب پر برہمی کا اظہار کیا تھا اوروجوہات سے متعلق قومی احتساب بیورو کا جواب مسترد کرتے ہوئے تفصیلی جواب مانگ لیا تھا۔