لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، میونسپل انتظامیہ نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی نکالنے میں ناکام، بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری بلبلا اٹھے۔ لاڑکانہ شہر بھر سمیت گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث شہر کے اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ میونسپل انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر شہر کے اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر جمع برساتی پانی نکالا گیا تاہم شہر کے نشیبی علاقوں سے برساتی پانی نکالا نہیں گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے بعد شہر اور گردونواح کے متعدد فیڈر ٹرپ ہوگئے جبکہ 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود اکثر علاقوں کی بجلی بحال نہ ہوسکی، بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہری گرمی میں بلبلا اٹھے، شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے جلد سے جلد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔