سکھر، اشتہاری بل بورڈ انسانی جانوں کے لیے خطرناک

119

سکھر (نمائندہ جسارت) تیز ہوا، موسلا دھار بارشوں کا آغاز، شہرکی اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر لگے اشتہاری بل بورڈ انسانی جانوں کے لیے خطرناک، شہریوں کی جانب سے فوری ہٹانے کا مطالبہ۔ موجودہ مون سون بارشوں کا آغاز تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارشوں نے روہڑی کی مصروف ترین اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر لگے اشتہاری بل بورڈز ناصرف انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں بلکہ طوفانی تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کے دوران ان دیو ہیکل اشتہاری بورڈوں کے زمین بوس ہونے سے ان کے قریب شاہراہوں پر رواں دواں ٹریفک کے باعث کسی بھی وقت حادثے کا باعث بن سکتے ہیں جبکہ شہر کی مصروف ترین اور روہڑی سے سکھر جانے والی اہم شاہراہ بیڑی چوک سڑک کنارے میونسپل کمیٹی روہڑی کے پارک میں نصب دیو ہیکل بورڈ ایسی صورت حال میں انسانی جانوں کے لیے خطرناک بن چکا ہے جبکہ بیڑی چوک سے گزرنے والے شہریوں کے لیے خوف کی علامت بنا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں نے اعلیٰ عدالتوں اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اشتہاری بورڈ فوری ہٹوا کر شہریوں میں پائے جانے والے خوف کا خاتمہ کیا جائے۔