اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہکورونا وبا کے بعد معاشی بحالی میں سی پیک اور پاک چین معاشی تعاون کلیدی اہمیت رکھتا ہے، خوش قسمتی ہے کہ چین جیسا اچھا ہمسایہ اور بااعتماد دوست پاکستان کو میسرآیا، پاکستان اور چین بااعتماد اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت دار، آئرن برادرز اور امن و ترقی کے پیامبر ہیں، سی پیک گیم چینجر اور فیٹ چینجر منصوبہ ہے جو خطے کی غربت ختم کرنے میں اہم ہے، افغانستان میں قیام امن کیلیے چین کی دوراندیشی کی پالیسی اور تعاون خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہبازشریف نے اسلام آباد میں چینی سفیر یاؤجنگ سے چینی سفارت خانے میں تفصیلی ملاقات کے دوران کیا ۔ شہباز شریفنے کہا کہ کورونا وبا سے چین نے مثالی انداز میں جنگ کی، پاکستان کی مدد پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کی اقوام کے درمیان تعاون کا منصوبہ ہے۔ ہم پاکستان مسلم لیگ(ن) سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس کی حمایت کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے چین پاکستان دوستی کے لیے شہباز شریف کی کوششوں کو بھی سراہا۔