لاہور(نمائندہ جسارت )مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے کارکردگی دکھانے کا موقع دیا لیکن حکومت نے2برس میں معیشت کوتباہ کردیا۔ جامعات کیلیے 10ارب روپے نہیں، راوی منصوبے کے لیے 50کھرب روپے کدھر ہیں؟، 2سال میں ریکارڈ قرضے لینے کے باوجود ایک منصوبہ نہیں بنایا گیا، ایم ایل ون منصوبے کیلیے صرف 6ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی سرکاری جامعات بدترین مالی خسارے سے دوچار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کی کل مالیت 7ارب ڈالر ہے جبکہ حکومت نے بجٹ میں 6ارب روپے رکھے ہیں، اگر اسی تناسب سے منصوبے پر رقم لگائی جائے تو منصوبہ 200برس میں مکمل ہوگا۔دیا میر بھاشا ڈیم کے لیے 28ارب روپے درکار تھے اور 16 ارب روپے مختص کیے ہیں ، حکومت 5 ہزار روپے والے منصوبے کی تختی لگا کرلوگوں کو بیوقوف بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی مہنگی کرکے معیشت بہتر نہیں کی جا سکتی،2برس میں تاریخ کی سب سے کاروبار اور بزنس کے ’شٹ ڈاون‘ہورہے ہیں، پنجاب کا انفرااسٹرکچر تباہی کے دھانے پر ہے، سڑکوں کی مرمت پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 2 برس میں ہمارے 5 سالہ دور اقتدار میں حاصل کردہ قرضوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ قرضے وصول کرچکی ہے۔