ابھی بھی کورونا وائرس کے خطرات موجود ہیں،اسد عمر

380

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ابھی بھی کورونا وائرس کے خطرات موجود ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مختلف سیکٹرز کو کھولنے کے حوالے سے لائحہ عمل اور یوم آزادی اور محرم الحرام سے متعلق اقدامات بھی زیر غور لائے گئے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر کو عام کپڑے کا ماسک وائرس کو روکنے میں مددگار ثابت ہونے اور یوم آزادی، محرم الحرام میں کوڈ آف کنڈکٹ کی تیاری، سماجی فاصلوں اور ماسک پہننے کو یقینی بنانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقی پر وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام سیکٹرز کو کھولنے کے عمل میں ہیلتھ گائیڈ لائینز پرعمل درآمد یقینی بنانا چاہیے، ہیلتھ گائیڈ لائینز پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں کورونا دوبارہ پھیل سکتا ہے۔

اسد عمر کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو محرم الحرام میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے ہیلتھ گائیڈ لائینز پر عمل کرکے صبر اور جواب دہی کا مظاہرہ کیا، اگر اسی جزبے کا مظاہرہ محرم تک کیا گیا تو ہیلتھ چیلنج کو کم کرنے میں مددگار ہوگا۔

یاد رہے کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 17 افراد کورونا سے جاں بحق جبکہ مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 82 ہزار 644 ہے جبکہ 6 ہزار 52  مریض انتقال کرگئے۔