چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اب ہوم سیریز پاکستان میں کھیلیں گے یا پھر کہیں نہیں کھیلیں گے۔
برطانوی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں احسان مانی نے کہا کہ 2022 میں انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، پاکستان محفوظ ملک ہے اور دو سال بعد پاکستان مزید محفوظ ہو جائے گا۔
احسان مانی نے کہا کہ ایم سی سی کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا، تاریخی مقامات کی سیر کی، ریسٹورنٹ گئے اور گالف کھیلی ،پاکستان میں غیرملکی ٹیموں کو سربراہ مملکت جتنی سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اب پاکستان کوئی بھی ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا، ہوم سیریز صرف پاکستان میں ہوگی ورنہ کہیں اور جا کر نہیں کھیلیں گے۔