ٹھٹھہ، مکلی میں آوارہ کتوں کی بھرمار لوگوں میں سخت خوف و ہراس

112

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ضلع ٹھٹھہ کے ہیڈکوارٹر مکلی میں آوارہ کتوں نے ڈیرے جمالیے ہیں، گلیوں محلوں اور مین روڈ پر ہزاروں کی تعداد میں کتے موجود ہیں جو کاروں، موٹر سائیکلوں اور راہگیروں کے پیچھے لگتے ہیں، جس کی وجہ سے حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ مکلی سوسائٹی میں کتوں کے کاٹنے سے ایک لڑکا چند ماہ پہلے ہلاک ہوچکا ہے، جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اس کے علاوہ درجنوں کتے کے کاٹنے سے معصوم بچے اور دیگر افراد زخمی ہوچکے ہیں مکلی ہاشم آباد کالونی نزد پوسٹ آفس،سول اسپتال مکلی، حیدری چوک، مکلی کراچی بس اسٹاپ سے مکلی سوسائٹی، مکلی بائی پاس، شاہ لطیف کالونی، ناریجو گوٹھ اور چند سرکاری دفاتر میں بھی آوارہ کتوں کی بھرمار ہے، کتے زیادہ تر معصوم بچوں پر حملہ کررہے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے مکلی کے شہری اور دیہی علاقوں کے رہنے والوں نے چیئرمین ٹائون کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ کتا مار مہم جو پہلے کی گئی تھی اسے دوبارہ تیزی سے شروع کیا جائے۔