لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے قریب قنبر بائی پاس روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل پھسلنے کے باعث شہر کے نذر محلے کا رہائشی 19 سالہ نوجوان فرمان سومرو شدید زخمی ہوا جسے علاقہ مکینوں نے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں نوجوان زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ورثاء کے مطابق نوجوان فرمان سومرو صبح کے وقت دوستوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر گھر سے نکلا جو قنبر بائی پاس روڈ پر موٹر سائیکل پھسلنے کے نتیجے میں اسپتال میں دم توڑ گیا۔ دوسری جانب لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔