لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں پرانی دشمنی کے معاملے پر مسلح افراد نے شہر کے تھانہ ولید کی حد آریجا روڈ پر واقع اسٹیٹ ایجنسی میں فائرنگ کرکے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یونین کونسل کوٹھی کلہوڑی کے جنرل کونسلر اور سابق پولیس ہیڈ کانسٹیبل 60 سالا غلام حسین مغیری اور اس کے 15 سالہ بیٹے نورل مغیری کو شدید زخمی کردیا، اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں دوران علاج زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے غلام حسین مغیری دم توڑگیا جبکہ مقتول کے زخمی بیٹے کو طبی امداد دی گئی۔ ورثاء کے مطابق پرانی دشمنی کے معاملے پر مغیری برادری سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے اسٹیٹ ایجنسی میں فائرنگ کرکے غلام حسین مغیری کو قتل جبکہ ان کے بیٹے کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ دوسری جانب پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول کی لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے پرانی دشمنی کے باعث پیش آیا، تاہم ورثا کی جانب سے مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔