اسلام آباد ( آ ن لائن ) احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں آصف علی زرداری پر فرد جرم کی کارروائی 7 اگست تک مؤخر کر دی۔ عدالت نے سابق صدر کی ایک روزہ حاضری سے استثناکی درخواست منظور کرلی۔ احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی غیر قانونی ٹھیکوں کے نیب ریفرنس پر سماعت کی۔ فاروق ایچ نائیک کے معاون اسد عباسی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور آصف ذرداری کی حاضری سے
استثنا کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ آج فرد جرم عائد نہ کی جائے جب تک ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہوتا، فاروق ایچ نائیک کراچی میں مصروف ہیں وقت دیا جائے۔جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ فاروق ایچ نائیک کہاں مصروف ہیں ؟ اس پر معاون وکیل نے بتایا کہ سینیٹ کا اجلاس ہے کشمیر کے حوالیسے ، فاروق ایچ نائک وہاں مصروف ہیں۔ نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ اگر فاروق ایچ نائیک مصروف ہیں تو معاون وکیل دلائل دیں۔ عدالت نے سابق صدر کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 7 اگست تک کیلیے ملتوی کر دی۔