اسلام آباد (این این آئی)ن لیگی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری قاتل مودی پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چلائے۔یہ بات انہوں نے بھارت کے غاصبانہ غیرقانونی اقدامات کو ایک سال مکمل ہونے پر پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کو بندوق اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔ کشمیریوں نے پھر ثابت کیا کہ وہ اپنی آزادی پر سمجھوتا نہیں کریں گے،مودی بڑی غلط فہمی میں ہے کہ چالبازیوں، فوجی جبرواستبداد سے کشمیریوں کو جھکا لے گا ،کشمیریوں نے عظیم قربانیوں اور شہادتوں سے اپنے نصب العین کی حفاظت کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ برہان مظفروانی شہید سے لے کر ننھے سالار کے نانا تک کو ناحق گولیوں سے چھلنی کیا گیا،ہر کشمیری ’’لے کر رہیں گے آزادی‘‘ ’’پاکستان سے رشتہ کیا؟ لاالہ اللہ‘‘ کا ولولہ انگیز اعلان کررہا ہے،اپنے شہدا کوپاکستانی پرچم میں دفن کرکے کشمیری ہر روز دنیا کو بتارہے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری دو قومی نظریے، پاکستان کی شہہ رگ اور تحریک تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،ظلم کی سیاہ رات مٹ کر رہے گی۔