لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) قنبر شہر کے قریب نور واہ کے قریب ٹائر برسٹ ہونے کے باعث تیز رفتار موٹرسائیکل اور کھڑے ہوئے ٹریکٹر میں ٹکر کے نتیجے میں شہدادکوٹ کے نواحی گاؤں فضل محمد بروہی کا رہائشی 40 سالا محنت کش خادم حسین بروہی شدید زخمی ہوا جسے ٹریکٹر ڈرائیور اور آس پاس کے لوگوں نے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے محنت کش دم توڑگیا، ورثا کے مطابق خادم حسین بروہی کام کے سلسلے میں شہدادکوٹ سے لاڑکانہ شہر آرہے تھا کہ راستے میں ٹائر برسٹ ہونے کے باعث تیز رفتار موٹرسائیکل کا کھڑے ٹریکٹر سے ٹکرائو ہوا نتیجے میں وہ اسپتال میں دم توڑگئے ہیں۔ دوسری جانب متوفی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔شہدادکوٹ روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح افراد ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے میروخان کے گاؤں عبدالمجید بروہی کے رہائشی نوجوان ضمیر بروہی کو زخمی کرنے کے بعد 25 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر دیہاتیوں کی مدد سے زخمی نواجون کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔اس موقع پر زخمی نوجوان ضمیر بروہی نے بتایا کہ میں اپنے گاؤں سے شہدادکوٹ شہر کام کے سلسلے میں جارہا تھا کہ شہدادکوٹ روڈ پر موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے راستہ روک کر ڈکیتی کی کوشش کی مزاحمت پر انہوں نے میری ٹانگ پر گولی مارکر مجھ سے 25 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا اورفرار ہوگئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرکے چھینی ہوئی نقدی اور موبائل فون واپس دلایا جائے۔لاڑکانہ کے قریب گاؤں ٹھارو دیرو میں 28 سالا نوجوان دھنی بخش کلہوڑو نے گھر والوں سے ناراض ہوکر زہریلی ادویات کھاکر خودکشی کی کوشش کی جسے گھروالوں نے بے ہوشی کی حالت میں لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق خودکشی کرنے والے نوجوان کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم زہر جسم سے نکال کر اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، چرس، شراب اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔ مارکیٹ پولیس نے تہرے قتل مقدمہ سمیت 15 کے قریب مقدمات میں روپوش دو ملزمان بشیر سانگی اور رفیق سانگی کو ریپیٹر، بندوق اور کارتوس سمیت، ہٹڑی غلام شاہ پولیس نے دوران چیکنگ لاڑکانہ، خیرپور اور سکھر کے مختلف تھانوں پر ڈکیتیوں، پولیس مقابلوں، چوریوں اور منشیات جیسے 35 کے قریب سنگین مقدمات میں روپوش و مطلوب ملزم فتح عرف فتو کلھوڑو کو تین کلو چرس سمیت، تعلقہ پولیس نے ملزم نظیرچانڈیو کو پستول اور گولیوں سمیت، علی گوہر آباد پولیس نے ملزم خالد عرف راجا کورائی کو ریپیٹر اور کارتوسوں سمیت، باڈہ پولیس نے دوران چیکنگ دڑا پھاٹک کے قریب تین ملزمان قاسم، کامران اور عمران گودرانی کو شراب سمیت، علی گوہر آباد پولیس نے دوران چیکنگ دو اشتہاری ملزمان گاجی خروس اور عابد خروس کو، دہامراہ پولیس نے سنگین نوعیت کے مقدمے میں روپوش ملزم امام الدین شیخ کو، سول لائن، نوڈیرو اور عاقل پولیس نے چوری شدہ تین موٹرسائیکلیں برآمد کرکے اصل مالکان میرمحمد برڑو، امان اللہ اور گلزار بروھی کے حوالے کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔