دادو،بجلی کی عدم بحالی پر شہریوں کا ڈنڈا اٹھاکر احتجاج ،انڈس ہائی وے بلاک

338

دادو(نمائندہ جسارت) دادو شہر کے محلہ چھانو شاہ آباد کے چار سے زائد ٹرانسفارمر جل جانے کی وجہ سے دو ماہ سے بجلی بحال نہ ہونے کیخلاف سیکڑوں خواتین، بچوں اور دیگر شہریوں نے ڈنڈے اٹھاکر احتجاجی مظاہرہ کرکے سیپکو سرکل آفس کے باہر ٹائروں کو آگ لگا کر انڈس ہائی وے بلاک کرنے کے بعد انجینئر اور ایس ڈی او ٹو کے دفتر کا گھیرائو کر دیا جبکہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہی انجینئر، ایس ڈی او اور دیگر آفس کا عملہ دیواریں پھلانگ کر بھاگ گیا جبکہ احتجاج کی قیادت کرنے والی خواتین اور مردوں نے بتایا کہ ان کے علاقوں کے ٹرانسفارمر دو ماہ سے جلے ہوئے ہیں مگر رشوت نہ ملنے کے باعث ان جلے ہوئے ٹرانسفارمرز کو کوئی بھی ٹھیک کرنے کو تیار نہیں اور دو ماہ سے بجلی نہ ہونے کے باوجود بھی ہزاروں کے بجلی کے بل بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انجینئر تجمل بیگ لغاری اور ایس ڈی او ٹو سب ڈویژن کو بار بار شکایات درج کروائیں ہیں لیکن ٹرانسفارمرز تاحال نہیں بن سکے جن کیلیے سیپکو عملدار بھاری رشوت طلب کر رہے ہیں مگر ہم غریب اور مزدور گھر کا چھولا جلائیں یا رشوت دیں ۔انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ انہیں سیپکو سرکل دادو کے ظلم سے بچایا جائے اور ان کی بجلی بحال کرائی جائے۔