مظفر آباد‘اسلام آباد ( آن لائن‘صباح نیوز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کے ساتھ وزیر اعظم ہائوس آزاد کشمیر پہنچے تو وزیراعظم راجا فاروق حیدر خان سے ملاقات کی۔ملاقات جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اورکل اگست یوم استحصال کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کے مسلسل جبرو استبداد اور دباؤ کے باوجود 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کو تمام کشمیری مسترد کر چکے ہیں۔ مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے۔علاوہ ازیںوزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیردفاع پرویزخٹک ،مشیرقومی سلامتی معید یوسف اور دیگر حکام کے ساتھ ایل او سی کا دورہ کیا ۔وزیرخارجہ اوروزیردفاع پرویز خٹک نے چری کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا ہے جبکہ معید یوسف، عسکری حکام اور میڈیا کے نمائندے بھی ساتھ ہیں۔وزیرخارجہ کو بھارتی کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر شاہ محمود نے کہا کہ ہم بھارتی سرکار کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ جو مرضی فیصلے کرلیں،5 اگست کو کشمیریوں نے بھارتی جارحیت کو مسترد کردیا ہے، حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی تاوقتیکہ ان کے حق رائے دہی کو قبول نہیں کرلیا جاتا اور کشمیر آزاد نہیں ہوتا۔