کراچی (نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور سندھ حکومت کے وزرا کی اہم ملاقات ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول زرداری سے وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے بلاول ہاؤس میں تفصیلی ملاقات کی ۔ اس موقع پر سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے چیئرمین بلاول زرداری کو کراچی سمیت پورے سندھ کی انتظامی صورت حال پر بریف کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ انتظامی طور پر ایم کیوایم کی شہری حکومت کے تحت نکاسی کا نظام تباہ ہوچکا ہے‘ سندھ حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو دعوت دی ہے کہ وہ الزام تراشیوں کے بجائے مسائل کے حل کے لیے آگے آئیں۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے بتایا کہ کچھ عناصر شہر قائد کے مسائل کے حل کے بجائے ان کی بنیاد پر اپنی مذموم سیاست چمکانے کی کوشش کرتے ہیں‘شہر قائد سے منتخب ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کے نمائندے عوام کے لیے کچھ کرنے کو تیار نہیں۔