نوابشاہ، مسافر کوچ الٹنے سے ڈرائیور جاں بحق، 15 افراد زخمی

168

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) سکرنڈ کے قریب نیشنل ہائی وے پر ڈیرہ غازی خان سے کراچی جانے والی مسافر کوچ الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کوچ ڈرائیور صابر حسین موقع پر جاں بحق ہوگیا جوکہ مظفر گڑھ کا رہائشی بتایا جارہا ہے، جبکہ عورتوں اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کے لیے مقامی اسپتال لایا گیا، جہاں پر چار زخمی اظہر، شان، بلاول اور اسد اللہ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، پولیس کے مطابق حادثہ مسافر کوچ کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا ہے۔ گھریلو تنازع پر ظالم شوہر نے اپنی دوسری بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، زخمی حالت میں پی ایم یو اسپتال منتقل، شوہر اور اس کے والدہ ہر وقت تنگ کرتے ہیں اور آج شوہر نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، متاثرہ خاتون۔ ساٹھ میل کے گاؤں غلام حیدر مری میں ظالم شوہر نے اپنی دوسری نوجوان بیوی اور دو بچوں کی ماں مسمات مریم پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی جس کے نتیجے میں خاتون سخت زخمی ہوگئی جسے زخمی حالت میں سوتیلے بیٹے نے نوابشاہ کے پی ایم یو اسپتال پہنچایا، جہاں پر متاثرہ خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ میرا شوہر ذاکر دوسری شادی کے باعث مجھے پسند نہیں کرتا اور ہر وقت مجھ پر تشدد کرتا ہے اور آج میں اپنے والدین کے گھر جانے کے لیے اجازت لی جس پر غصے میں آکر شوہر نے میرے اوپر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔ خاتون نے کہا کہ مجھے اپنے شوہر ذاکر اور اس کی والدہ سے جان کا خطرہ ہے مجھے تحفظ فراہم کیا جائے۔ نوابشاہ بچھیری کے نزدیک مہران ہائی وے پر حکیم بروہی اسٹاپ کے نزدیک کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر پی ایم سی اسپتال نوابشاہ منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کی شناخت علی گوہر زرداری اور نیاز زرداری کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق بچھیری شہر سے بتایا جاتا ہے۔