میرپور خاص (نمائندہ جسارت) مری برادری کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا، مخالفین نے پانچ افراد کیخلاف قتل کا جھوٹا مقدمہ درج کروایا ہے۔ میرپور خاص بگٹی فارم کے رہائشی افراد نے دریا خان مری، توق علی مری، محبوب الزمان مری اور دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بتایا کہ چند روز قبل سہراب مری کو دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے اس کا انتقال ہوگیا تھا اور پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹر نے اس کے مرنے کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا تھا لیکن ہمارے مخالفین قاسم مری نے ہمارے پانچ افراد ہاشم مری، احمد مری، واحد بخش مری، حسیب مری اور میر خان مری کیخلاف سہراب مری کو قتل کرنے کا جھوٹا مقدمہ درج کروایا ہے جو کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپور خاص سے مطالبہ کیا کہ ہمارے پانچ افراد کیخلاف قتل کا جھوٹا مقدمہ ختم کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔