لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے
کہا ہے کہ مودی کشمیر میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے جبکہ انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں کی طرح ہمارے حکمران بھی سوئے ہوئے ہیں،قوم کو کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت کے لیے جاگنا ہوگا۔ مودی بابری مسجد کی جگہ اور ہمارے حکمران اسلام آبادمیں مندر تعمیر کررہے ہیں ،معلوم ہوتا ہے دونوں کا ایجنڈا ایک ہے ۔جماعت اسلامی 4اگست کواسلام آباد میں کشمیر کی آزادی کے لیے مشاورتی کانفرنس اور 5اگست کو ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی۔ایا صوفیہ مسجد کی 86سال بعد بحالی پر ترک عوام اور پوری امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہیں۔ ترک عوام اس لیے بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ان کو مسجدیں آباد کرنے والے حکمران ملے ۔مغرب کے غلام حکمرانوں سے کو ئی توقع رکھنا خود کو دھوکا دینے کے مترادف ہے ۔قوم نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کے لیے کمر بستہ ہوجائے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 5اگست 2019ء کے بھارتی اقدام کے بعد مودی مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے اور بھارت سے ہزاروں کی تعداد میں آرایس ایس کے غنڈوں کو کشمیر میں بسایا جارہا ہے ۔ان غنڈوں کو ہر طرح کا اسلحہ دیکر فوجی بیرکوں میں رکھا گیا ہے ،حالات بتارہے ہیں کہ مسلمانوں کے خون کا پیاسا مودی وادی میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی نسل کشی کا گھنائونا کھیل کھیلنے والا ہے مگر ہمارے حکمران خواب غفلت سے بیدار ہونے کو تیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے وجود کو مٹانے پر تلا ہوا ہے، حکمران سابق حکومتوں کی طرح بھارت کے ساتھ آلو پیاز کی تجارت اور فنکاروں اور اداکاروں کے طائفوں کے تبادلے کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اورشہدا کے خون سے بے وفائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی پوری قیادت اور 4 ہزار سے زاید جماعت اسلامی کے کارکنان جیلوں میں بند ہیں۔ کشمیرکی آزادی پاکستان کی سا لمیت ،بقا اور تحفظ کی ضامن ہے ۔کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔قوم حکمرانوں کو کشمیر میں گرنے والے مقدس خون کا سودا نہیں کرنے دے گی۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مودی نے الیکشن میں انتہا پسند ہندوئوں سے بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر ،مقبوضہ کشمیر کو بھارتی ریاست بنانے اور آزاد کشمیر پر چڑھائی کے وعدے کیے تھے مودی اپنے 3 وعدوں میں سے 2پورے کرچکا ہے جبکہ ہمارے حکمران قوم سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کرسکے ۔