سکھر (نمائندہ جسارت) بلدیہ اعلیٰ سکھر کا گیارہواں عام اجلاس میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا، ایجنڈا، ضمنی تجاویز سمیت شہر کے پارکس اور چوراہوں کے نام معزز شخصیات کے نام سے منسوب کرنے کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں، میئر سکھر نے عید کے فوری بعد ملازمین کی ترقی کے لیے DPC کے انعقاد کی ہدایت جاری کردی، بلدیاتی نظام کی مدت مکمل ہونے کے بعد مینٹیننس کے لیے پارکس کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، عیدالاضحی پر آلائشوں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے چیف آفیسر کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ گزشتہ روز میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں قرار داد کے تحت شہر کے مختلف چوراہوں اور پارکس کو معزز شخصیات کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ایوب گیٹ پر تیار ہونے والے مونومنٹ کو ڈاکٹر ادیب رضوی، رینجرز چوک کو بلاول زرداری، سٹی بائی پاس کو سید خورشید احمد شاہ، ورلڈ گلوب کو سینیٹر اسلام الدین شیخ، انوار مصطفی چوک کو سید ناصر حسین شاہ، ایئرپورٹ چوک کو ایم ایم عالم، اسلامیہ واٹر پارک چوک کو ڈاکٹر انعم ارسلان چوک، فاطمہ چلڈرن پارک کو نورین اسلام الدین اور پاک کالونی کے پارک کو مفتی حسین قادری کے نام سے منسوب کردیا گیا۔ میئر سکھر بیرسٹر اسلان اسلام شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام کی مدت مکمل ہونے والی ہے، لہٰذا خطیر رقم سے تیار ہونے والے پارکس کی دیکھ بھال کے لیے کوئی مناسب فیصلہ کیا جائے تاکہ پارکس کو مینٹین رکھا جاسکے، پارکس کو نجی شعبے کے حوالے کرنے سے نہ صرف پارکس مینٹین رہیں گے بلکہ بلدیہ کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ بحث کے بعد اراکین کونسل کی جانب سے پارکس بذریعہ آکشن نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران عیدالاضحی کی تیاریوں کے حوالے سے بھی غور وخوص کیا گیا اور چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر پیر عطاالرحمن خان سے بریفنگ طلب کی گئی جس پر انہوں نے اراکین کو آگاہ کیا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے سمیت صفائی کے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ ڈمپنگ کی تیاری بھی مکمل کرلی ہے، اپنی پوری استعداد کے ساتھ عید قرباں پر شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کریں گے۔ بعد ازاں اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔