سکھر( نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی سکھر رینج پولیس فدا حسین مستوئی کی سربراہی میں 4 اپریل 2019ء اور22جنوری2020ء کو ہونے والی ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی میں ڈیفر ہونے والے ہیڈ کانسٹیبلز اور اے ایس آئی کی پروموشن کے سلسلے میںریویو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ ترجمان سکھر رینج پولیس کے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سکھر ،خیرپور اور گھوٹکی کے ایس ایس پی صاحبان،ڈی ایس پی لیگل سکھر رینج اور آفس سپرنٹنڈنٹ سکھر رینج نے شرکت کی۔ ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی/ ریویو بورڈ نے 17 کیسزز کا جائزہ لے کر 10 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کی منظوری دے دی۔جبکہ 10 کیسزز کا جائزہ لے کر 04 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی کی منظوری دی گئی۔ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی نے اگلے عہدوں پر ترقی پانے والے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ مزید محنت لگن اور ایمانداری سے عوام کی خدمت کو اولین فریضہ سمجھتے ہوئے محکمے پولیس کا نام روشن کریں۔