لاڑکانہ ،نوجوانوں میں معمولی بات پر جھگڑا ، فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق

314

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے تھانہ رحمت پور کی حد رحمت پور گاسلیٹ ڈیپو کے علاقے میں بدھ کی شب دیر گئے اوباش نوجوانوں میں معمولی بات پر جگھڑا ہوا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں رحمت پور محلہ کا رہائشی 20 سالہ نوجوان طالب علم محمد رضا جتوئی اور اس کے دوست سلیم اختر قریشی زخمی ہوئے ۔اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر نور محمد مگسی نامی نوجوان کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا۔ بعد ازاں دونوں زخمی نوجوانوں کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان طالب علم محمد رضا جتوئی دم توڑگیا جبکہ زخمی نوجوان کا علاج جاری ہے۔اس حوالے سے تھانہ رحمت پور کے ایس ایچ او امداد علی شر نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم نور محمد مگسی نے نشے میں دھت ہوکر نوجوان محمد رضا جتوئی اور اس کے دوست سلیم اختر قریشی کو زخمی کردیا نتیجے میں اسپتال میں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان محمد رضا دم توڑگیا تاہم معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔ ورثا کی جانب سے مقدمہ درج نہیں کیا گیا اگر وہ تھانے آئے تو ان کی مرضی کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے گا۔ دوسری جانب گرفتار ملزم نور محمد مگسی نے صحافیوں کو بتایا کہ رات دیر گئے میرا کورائی برادری کے نوجوان سے جگھڑا ہوا جس میں اتفافی گولی لگنے سے واقعہ پیش آیا ہے تاہم میں نے جان بوجھ کر نوجوان محمد رضا کو قتل نہیں کیا، دوسری جانب مقتول نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی تاہم آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔