لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں اٹلی کے سفیر انڈریاس فیرارسیع سے ملاقات کی اور اٹلی میں کورونا کی وجہ سے ہونے والی اموات پر اظہار تعزیت کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کورونا وبا سے نمٹنے پر اٹلی کے سفیر کو مبارک باد بھی دی۔سینیٹر سراج الحق نے اٹالین سفیر کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیااور کہا کہ مودی قصاب ہے جس نے کشمیر کی آئینی حیثیت کو گزشتہ ایک سال سے تبدیل کردیا ہے ۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے مودی کے اس غیر آئینی اقدام کی مذمت کی ہے ۔ کشمیر کی سیاسی قیادت گزشتہ ایک سال سے جیلوں میں قید یا گھروں پر نظر بند ہے ،بھارت نے ایک سال سے کشمیر میں ڈبل لاک ڈائون کر رکھا ہے ۔80 لاکھ کشمیری محصور ہیں ،بھارت نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے یورپی یونین کومسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں اگر ان کے درمیان جنگ چھڑ گئی
توپوری دنیا اس تباہ کن جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے ،اس لیے عالمی برادری ،اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو اپنی ذمے داری پوری کرتے ہوئے دنیا کو ا س جنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سینیٹرسراج الحق نے سفیر کو اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔اٹالین سفیر انڈریاس فیرارسیع نے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے یورپی یونین کے ارکان ممالک سے بات کریں گے اور اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپورکردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔دونوں رہنمائوں کے درمیان علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی ۔سینیٹر سراج الحق نے خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پر امن افغانستان خطے کی اہم ضرورت ہے۔