لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، ایرانی ڈیزل، ٹرک، چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور گھریلو سامان برآمد کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او عاقل سب انسپکٹر احمد علی اوڈہو نے چوری کے مقدمے میں مطلوب ملزم سکندر بجارانی کو پستول ،گولیوں اور چوری شدہ سامان سمیت، ایس ایچ او رتوڈیرو انسپکٹر ممتاز خان مروت نے اشتہاری و روپوش دو ملزمان ہوش محمد عرف ذیشان کھوکھر اور لکمیر عرف لکو رند کو، ایس ایچ او سول لائن انسپکٹر عبدالغفور چھٹو نے دوران چیکنگ ڈکیتیوں اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین نوعیت کے پانچ سے زائد مقدمات میں اشتہاری ملزم ایاز جونیجو کو، ایس ایچ او کنگا انسپکٹر عبدالستار بھیو نے غیر قانونی ایرانی ڈیزل برآمد کرکے تین ملزمان فہیم بھاگت، علی حسن اور سجن کلہوڑو کو ٹرک سمیت گرفتار کرلیا۔دوسری جانب ایس ایچ او نوڈیرو انسپکٹر غلام مصطفیٰ ابڑو نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر چوری شدہ تین موٹر سائیکلیں برآمد کرکے اصل مالکان آکاش، نریش اور اجے کمار کے حوالے کردی ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔لاڑکانہ شہر کے نیو بس اسٹینڈ روڈ پر تیز رفتار موٹرسائیکل اور گدھا گاڑی میں ٹکر کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار بنگل دیرو کا رہائشی بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کا جونیئر کلرک مصور بھٹو شدید زخمی ہوگیا جسے قریبیلوگوں نے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی نوجوان مصور بھٹو اینٹی انکروچمنٹ کورٹ سکھر کے جج عقیل بھٹو کے چھوٹے بھائی تھے جو لاڑکانہ میں واقع بی بی آصفہ ڈینٹل کالج صبح کے وقت ڈیوٹی کے لیے آرہے تھے کہ روڈ حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ دوسری جانب متوفی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔لاڑکانہ میں اندھیر نگری چوپٹ راج، گدھا گاڑی کی ٹکر سے بکری مرنے کے معاملے پر پولیس اہلکاروں نے روڈ پر ہی عدالت لگا لی، پولیس اہلکاروں کی عمر رسیدہ شخص کے سر پر چپلوں سے مار پیٹ، تذلیل کرتے ہوئے لنگوٹ بھی اتار دیا، ایس ایس پی نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی ڈوکری کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے، واقعہ موئن جودڑو کے قریبی گائوں کارانی میں پیش آیا جہاں فتح پور پولیس اہلکاروں نے قانون ہاتھ میں لیا جبکہ ایس ایچ او تھانہ فتح پور سیف اللہ جاگیرانی کے احکامات پر پولیس اہلکاروں تسلیم بگھیو، عمران بگھیو اورجبار بٹ نے بیچ سڑک پر محنت کش کو تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنایا اور اہلکاروں نے مزدور محمد رمضان کلو کو سر پر جوتیاں ماریں اور تشدد بھی کیا۔ اعوان برادری کی جانب سے مزدور محمد رمضان پر الزام عائد کیا کہ اس کے گدھے نے فصلوں کو نقصان پہنچایا، این سی کٹوانے پر پولیس محمد رمضان کو لینے آئی تھی کہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی مشتاق احمد قریشی کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔