لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو کے آبادگاروں نے زرعی پانی فراہم نہ کرنے کیخلاف محکمہ آبپاشی کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور ایگزیکٹو انجینئر دفاتر کے باہر دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا، جہاں انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر آبادگاروں غلام رسول، محمد علی، علی بخش اور دیگر کا کہنا تھا کہ وارہ کینال کے ڈکھن اور سدھایا شاخ میں گزشتہ ایک ماہ سے زرعی پانی کی قلت برقرار ہے، جس کے باعث ہماری ہزاروں ایکڑ زرعی زمین بنجر بنی ہوئی ہے، متعدد بار محکمہ آبپاشی کے افسران کو پانی فراہم کرنے کے لیے درخواستیں کی تاہم ان کی جانب سے تاحال زرعی پانی فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ آبپاشی کے ایگزیکٹو انجینئر محمد نواز چانڈیو رشوت کے عوض بااثر آبادگاروں کو زرعی پانی فراہم کررہا ہے جبکہ انجینئر کی سرپرستی میں واٹر کورسز میں غیرقانونی پائپ لگا کر زرعی پانی چوری کی جارہی ہے لیکن کوئی کارروائی کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، محکمہ آبپاشی کے صوبائی وزیر و دیگر سے اپیل کی کہ انجینئر احمد نواز چانڈیو کیخلاف کارروائی کرکے انہیں عہدے سے ہٹاکر ہمیں زرعی پانی فراہم کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔