سینیٹ :سراج الحق نے جمعہ کوہفتہ وار تعطیل کی قرارداد پیش کردی

270

اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک+اے پی پی) سینیٹ میں خواتین پر گھریلو تشدد کے خلاف بل اور جمعے کو ہفتہ وار تعطیل کے لیے قرارداد جمع کرادی گئی۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جہاں جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کے روز ہفتہ وار تعطیل کا اعلان کیا جائے۔سراج الحق نے کہا کہ اتوار کی چھٹی سے ہماری معیشت کیا بہتر ہوئی، اکثر مسلمان ممالک میں جمعے کو چھٹی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر جمعے کے دن خطبہ اور نماز مسجد پہنچتے پہنچتے فوت ہوجاتی ہے۔بعدازاں چیئرمین سینیٹ نے معاملہ ایڈوائزری کمیٹی کے سپرد کر دیاجب کہ پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے ایوان بالا میں خواتین پر گھریلو تشدد کے خلاف بل پیش کیا۔شیری رحمن کا کہنا تھا کہ خواتین کو گھریلو تشدد کا شکار کیا جاتا ہے جبکہ گھریلو تشدد کے خلاف سندھ اسمبلی نے جامع قسم کا بل منظور کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد کو دنیا میں چھپی وبا سمجھا جاتا ہے، تشدد کو کوئی بھی جائز قرار نہیں دیتا اس لیے خواتین پر تشدد کو جرم قرار دیا جائے ۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بل کو متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا۔علاوہ ازیں سینیٹ نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے سید علی گیلانی کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ایوان نے ان کے غیر متزلزل عزم، جذبے، استقامت اور قیادت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ظالمانہ اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔ایوان نے 90 برس کی ضعیف العمری میں سید علی شاہ گیلانی کی گھر میں بلا جواز نظر بندی پر بھی تشویش ظاہر کیا۔ قرارداد میں حکومت پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس کے قریب قائم کی جانے والی مجوزہ پاکستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کا نام سید علی شاہ گیلانی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اورایمرجنگ ٹیکنالوجی رکھے۔ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز نے ’’کراچی ڈوب رہا ہے‘‘ اور ’’کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے‘‘ کے پوسٹر لہرا دیے۔ تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ کراچی میں 12 سال سے چور اور نا اہل حکومت ہے، ندی نالوں پر تجاوزات قائم ہیں، چائنہ کٹنگ سے تجاوزات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر سے سب سے زیادہ محصولات حاصل ہوتے ہیں تاہم وہاں کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ یہ معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھجوایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ صوبائی معاملہ ہے۔ اس دوران انہوں نے’’ کراچی ڈوب رہا ہے ‘‘اور‘‘ کراچی کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے‘‘ کے پوسٹر لہرائے۔اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا شیری رحمن کے ساتھ مکالمہ ہوا۔چیئرمین سینیٹ نے شیری رحمن کو ایوان کی دادی کا نام دیتے ہوئے کہا کہ آپ ایوان کی دادی ہیں۔جس کے جواب میں شیری رحمن نے ہنستے ہوئے کہا کہ آپ مجھے دادی کہنے کے معاملے پر ایوان میں ووٹنگ کرالیں۔