سکھر ( نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا کیرتھر کینال پر قائم مویشی منڈی کا اچانک دورہ ‘ دستیاب سہولیات اور کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے پیر کے روز کیرتھر کینال پر قائم کی گئی مویشی منڈی کا اچانک دورہ کرکے سہولیات کا جائزہ لیا ‘ چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر پیر عطا الرحمن خان سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران میئر سکھر نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈیوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے لہٰذا ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے‘ بغیر ماسک کسی کو بھی مویشی منڈی میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ بزرگ اور بچے منڈی میں نہ آئیں۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے منڈی انتظامیہ کو مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر ممکن کوشش کی جائے کہ جانوروں کی قیمتیں مناسب اور لوگوں کی قوت خرید کے مطابق ہوں تاکہ کم آمدن رکھنے والے افراد بھی اس عظیم مذہبی تہوار سے محروم نہ رہ جائے جبکہ بیمار جانوروں کی فروخت کی اجازت نہ د ی جائے۔ میئر سکھر کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ اعلیٰ سکھر کی جانب سے شہریوں کی سہولیات کیلیے مویشی منڈی میں کمپلینٹ سینٹر بھی قائم کیا جارہا ہے جو 24 گھنٹے فعال رہے گا ‘ شہریوں کو مویشی منڈی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی شکایت ہو تو وہ منڈی میں قائم کیے گئے کمپلینٹ سینٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔