کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے آن لائن شیڈو اوپن باکسنگ اینڈ فٹنس چیلنجز 2020ء کے مقابلوں کے نتائج کا اعلان کردیا، مقابلے گذشتہ ماہ جون میں آن لائن ہوئے تھے، نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ نے بتایاکہ ایونٹ میں 3 کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے تھے جن میں ایلیٹ انڈر۔40، یوتھ انڈر۔19 اور جونیئر انڈر۔15 کے مقابلے شامل تھے جبکہ نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے ا سکول کے بچوں کے ایونٹ کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا، ان مقابلوں میں ملک سے500 سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ایلیٹ انڈر۔40 کے مردوں کے مقابلوں میں پاکستان واپڈا کے ثناء اللہ اور پاکستان آرمی کے سید محمد آصف مشترکہ طور پر فاتح قرار پائے،جبکہ پاکستان آرمی گل زیب اور پاکستان ائرفورس کے نعمت اللہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔یوتھ انڈر۔19 کے مردوں کے مقابلوں میں کوئٹہ کے غلام عباس اور ذاکر حسین بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پشاور کے محمد حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔جونیئر انڈر۔15 کیٹگریز کے بوائز کے مقابلے میں کوئٹہ کے جواد احمد نے پہلی، پشاور کے سمیر کمال خان نے دوسری اور کوئٹہ کے سجاد حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اسکول کیٹگریز کے مقابلوں میں حیدر کلب کوئٹہ کے محمد ہادی نے پہلی، حمیدخان کلب کوئٹہ کے شاہ نواز نے دوسری اور میرپور خاص کے عزیر شاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے10,10ہزار روپے، دوسری پوزیشن والوں کے لئے 7,7 ہزار روپے، تیسری پوزیشن کے لئے 4,4 ہزار روپے اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لئے 3,3 ہزار روپے نقد انعام دیئے جائیں گے۔