سکھر: خطیر رقم سے شہر کی مخصوص سڑکوں پر استر کاری کا کام شروع

208

سکھر(این این آئی)سکھرانتظامیہ کی جانب سے شہر کی سڑکوں پر خطیر رقم سے استر کاری کا کام شروع، شہر کے کئی علاقے نظر انداز، استر کاری میں ناقص میٹریل کا استعمال ،شکارپور روڈ ، پولیس لائن روڈ سمیت دیگر علاقے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، تعمیر شدہ سڑکوں پر استر کاری کر کے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ،شہری حلقوں کا اظہار خیال و نوٹس لینے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق سکھر انتظامیہ کی جانب سے شہر سکھر کے مختلف علاقوں میں خطیر رقم سے گذشتہ دو ہفتوں سے مختلف مراحل میںسڑکوں پر استری کاری کا کام شروع ہے ، شہر کی سڑکوں پر استر کاری کے دوران شہر کے مختلف تباہ شدہ روڈ جن میں شکارپور روڈ ، پولیس لائن روڈ ، مائیکرو کالونی روڈ ، جیل روڈ ، مینارہ روڈ، ایوب گیٹ روڈ ، اسٹیشن روڈ ، سوکھا تالاب روڈ ، فرئیر روڈ ، گاڑی احاطہ روڈ ، ریجنٹ سینما روڈ ، منزل گاہ روڈ ، بندر روڈ و دیگر علاقوںکو مکمل نظر انداز کیے جانا سوالیہ نشان بنتا جا رہا ہے دوسری جانب شہری حلقوں نے سکھر انتظامیہ کی جانب سے تعمیر شدہ سڑکوں پر دوبارہ استر کاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں کئی علاقوں میں مسافر گاڑیاں تو درکنار علاقہ مکین بھی پیدل چلنے سے ڈرتے ہیں ، جہاں استر کاری کا کام ہو رہا ہے یہ سڑکیں پہلے سے ہی تعمیر شدہ ہے ناقص پلاننگ کے تحت شہر ترقی کے بجائے تباہ ہو رہا ہے شہری حلقوں نے نوٹس لیکر شہر کی تباہ شدہ سڑکوں پر فی الفور استر کاری کا کام شروع کر کے شہریوں کو درپیش تکالیف سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔