اسلام آباد( آن لائن)سابق صدرمملکت و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اورپاکستان مسلم لیگ کے قائد چودھر ی شجاعت حسین کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ، سابق صدر نے چودھری شجاعت سے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیاجبکہ چودھری شجاعت نے آصف زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ ر ہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی اور دونوں نے سیاسی مشاورت کے تسلسل پر اتفاق کیا ۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر گفتگو کی اوراس بات پر اتفاق کیا کہ سینئر سیاستدانوں کو موجودہ سیاسی انتشار اور غیر یقینی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملک بے یقینی کے منجدھار سے نکلے اور جمہوریت مضبوط ہو سکے ۔دونوں رہنماؤں نے جماعتی سطح پر رابطوں کے تسلسل اور مسلسل مشاورتی عمل پر اتفاق کیا تاکہ رواداری کی سیاست کو رائج کر کے ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا جاسکے۔