بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنا چاہتا ہے‘ شاہ محمود قریشی

307

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو گرے لسٹ کا معاملہ ورثے میں ملا‘ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنا چاہتا ہے‘ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر قانون سازی پاکستان کے مفاد میں ہے‘ اگر اپوزیشن چاہتی ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آئے تو اسے ذمے دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف اے ٹی ایف قوانین سے حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ ایک نشست ہو چکی ہے اور (آج) پیر کو دوسری نشست ہو گی‘ نیب اور فیٹف سے متعلقہ قوانین کے مسودے اپوزیشن کو بھیج دیے ہیں‘ حکومت نے اپنی تجاویز اپوزیشن کو بھیج دی ہیں‘ اسی طرح اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ اپنی تجاویز ہم سے شیئر کرے تاکہ جو بھی فرق ہے اس کو دور کر کے کسی نتیجے تک پہنچا جا سکے۔