کراچی میں بارش نے شہر ڈبودیا

2082

کراچی:شہر قائدکے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلادھار بارش سے جہاں ایک طرف موسم خوشگوار ہوگیا ہے تو دوسری جانب سندھ حکومت اوربلدیہ کراچی کی کارکردگی کو بھی بے نقاب کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون بارش کا تیسرا اسپیل شروع  ہوگیا جو کل دن تک جاری رہے گا،شہر کے مختلف علاقوں گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، سرجانی،نیو کراچی، ملیر،ائیر پورٹ ، لانڈھی ، کورنگی ، صدر اور کیماڑی سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوئی، جس سے  شہر میں شدید گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

بارش کے باعث  شہر کے بیشتر علاقے زیر آب آگئے، گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، جبکہ محتلف علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔

بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 12 سالہ بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمات کے مطابق کراچی کے علاقےیونیورسٹی روڈ پر سب سے زیادہ  78ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، گلستان جوہر میں67، سرجانی ٹاؤن میں 68،ائیرپورٹ پر 60، جناح ٹرمینل 57،صدر میں51، کیماڑی 48، ناظم آباد میں 27۔5، پی اے ایف مسرور 18، لانڈھی میں 15ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہےاور 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں، جس کے بعد صدر،لیاری، بلدیہ،کیماڑی، کورنگی ، لانڈھی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی معطل ہوچکی ہے۔