اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کا مسودہ بدنیتی پر مبنی ہوا تو منہ پر ماریں گے۔نجی ٹی وی سے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھا کہحکومت کی جانب سے نیب قانون میں ترمیم کا مسودہ ہم نے نہیں دیکھا، اگر مسودہ نیک نیتی پر مبنی ہوا تو بات کریں گے اور اگر بدنیتی پر ہوا تو ان کے منہ پر ماریں گے، 90دن کا ریمانڈ ختم کریں، گرفتاری ختم کریں، گرفتاری کیوں کرتے ہیں، گرفتاری کا کوئی مقصد ہونا چاہیے ، تحقیقات کریں اگر آدمی نہیں آتا تو اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کریں، نیب کا اطلاق حکومت کے پیسے پر ہونا چاہیے ، میں ایک عام ایم این اے ہوں اور میرا حکومتی پیسوں سے کوئی تعلق نہیں اور آپ مجھ پر کیس بنا رہے ہیں، میں نے20سال نیب بھگتی ہے ، میںپرویزمشرف کے زمانے سے پہلے گاہکوں میں سے ہوں، مجھے پتا ہے نیب میں کیا خرابیاں ہیں،نیب میں 18خرابیاں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کل بھوش کو اپیل کرنے کا حق دے دیا اب وہ اپیل نہیں کرتا تو نہ کرے سزا رہ جائے گی اور بات ختم ہو جائے گی ، آپ اس کے ٹھیکدارتو نہیں بنے ہوئے کہ وہ کہتا ہے کہ میں اپیل نہیں کروں گااور اس کا سفارتخانہ کہتا ہے میں نہیں کروں گا اور آپ کہتے ہیں کہ ہم کریں گے۔