سکھر، مہنگا آٹا فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم

217

سکھر(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے عوامی شکایات کا نوٹس لے کر فلور ملز کو سستے آٹے کے اسٹال لگانے کی ہدایت کردی، مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں کا حکم۔ ضلع میں آٹے کے ممکنہ بحران کو روکنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز و تحصیلداروں سمیت محکمہ خوراک کے عملداروں اور فلور ملز کے نمائندہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک گھوٹکی نے گندم خریداری کا مقررہ ہدف حاصل کرلیا ہے، اس کے باوجود ضلع کے لوگ مہنگے آٹے کے متعلق شکایات کر رہے ہیں، اس لیے ایسی صورتحال قابل برداشت نہیں ہے۔ انہوں نے ضلع بھر کی فلور ملز کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی فلور ملز کے باہر سستے آٹے کے اسٹال لگائیں جہاں پر آٹا 49 روپے فی کلو فراہم کیا جائے تا کہ ضلع کے غریب لوگوں کو کچھ فائدہ حاصل ہوسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ بازاروں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں اور مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں سمیت گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف کارراوئیوں کا سلسلہ شروع کریں۔