اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ہمیں یہ عید سادگی سے منانی چاہیے،عید پر تفریخی مقامات کا رخ نہ کریں، عید پر اجتماعات سے گریز کریں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سینٹر کااجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں عید الا ضحی پر مویشی منڈیوں میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے عملدرآمد اور خاص کر خلاف ورزیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ فورم کو بتایا گیا کہ پورے پاکستان میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کو بند کیا گیا، جرمانے کیے گئے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پورے پا کستان میں 527غیر قانونی مو یشی منڈیا ں ختم کی گئی ہیں جن میں پنجاب میں 269خیبر پختونخوامیں 255اور اسلام آباد میں 31 غیر قانونی منڈیاں ختم کی گئی ہے۔