وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق عوام عید الاضحیٰ سادگی سے منائے۔
اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول (این سی او سی) کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مویشی منڈیوں میں حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد اور خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر اسد عمر کو بتایا گیا کہ حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز کی خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئی ہیں، ملک بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کو بند کر دیا گیا ہے، جرمانے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق عید سادگی سے منانی چاہیے، عید پر تفریحی مقامات کا رُخ نہ کریں، اجتماعات سے گریز کریں۔
اسد عمر نے کہا کہ نماز میں سماجی فاصلوں اور ہدایات پر عمل سے کورونا وبا پر قابو پایا جاسکتا ہے، مویشی منڈیوں میں حفاظتی تدابیر کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔