میہڑ (نمائندہ جسارت) میہڑ میں مذہبی فساد پھیلانے اور سماجی رابطوں والے فورم پر صحابہ کرامؓ کیخلاف توہین آمیز جملہ بولنے کیخلاف سنی رابطہ کونسل ضلع دادو کی جانب سے حافظ منظور چانڈیو، مولانا محمود الحسن، مولانا مجیب الرحمن، مولانا عبدالواحد، مولانا یحییٰ مزاری کی رہنمائی میں مسجد علی المرتضیٰ سے نیشنل پریس کلب میہڑ تک تپتی دھوپ میں دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی دادو کی نااہلی ہے جو دادو کے اندر مذہبی فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ تہرڑی محبت میہڑ، رادہن، فریدآباد اور کے این شاہ میں کچھ شر پسندوں کی جانب سے سماجی رابطوں کے فورم پر صحابہؓ کیخلاف توہین آمیز ویڈیوز رکھ کر مذہبی نفرت اور فساد پھیلایا جارہا ہے۔ افسوس انتظامیہ فساد کرانے والوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی۔ ایس ایس پی اور ضلعی انتظامیہ کو بار بار آگاہی کے باوجود ملزمان کیخلاف کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔ انہوں نہ مطالبہ کیا کہ شر پسندوں کیخلاف کارروائی کرکے امن بحال رکھا جائے۔