راولپنڈی میں گروہی تصادم ،خواتین اور بچیوں سمیت9 افراد قتل

149

راولپنڈی (اے پی پی) تھانہ چونترہ کے علاقہ میں دیرینہ دشمنی کے باعث فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 09افراد جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیو کی امدادی ٹیموں نے جاں بحق اورزخمی ہونے والوں کوقریبی ہسپتال منتقل کیا۔ سٹی پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ چونترہ کے علاقہ میں فائرنگ کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس،ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اظہر، نذر اور امتیاز گروپ اور رب نواز گروپ کے مابین دیرینہ دشمنی کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وجہ تنازع چند روز قبل میال گاؤں میں خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی کا ہے۔ فائرنگ کے نتیجہ میں 05خواتین جن میں سلیم اختر، نثار بی بی،ایمان فاطمہ، ازرام بی بی، عابدہ شاھین جبکہ چار بچوں میں فرحان اظہر، صبیحہ خاتون، عنزلہ بی بی، ایمان فاطمہ شامل ہیں۔ فائرنگواقعہ میں زخمی تین بچوں میں نور فاطمہ اور عثمان شامل ہیں۔ ریسکیو1122کی امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو علاج معالجے اور مقتولین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا ۔پولیس کی فرانزک ٹیم شواہد اکٹھے کرنے کے لیے موقع پر موجود رہی۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔