بلاول کا کورم کی نشاندہی کر کے بھاگ جانا انتہائی شرمناک ہے‘ فیاض چوہان

312

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کے قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد کورم کی نشاندھی کر کے بھاگ جانے کو شرمناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول نے اسمبلی میں محلے کے اس بچے جیسی حرکت کی جو لوگوں کے گھروں کی گھنٹیاں بجا کر بھاگ جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔صوبائی وزیرنے کہا کہ مراد سعید بلاول زرداری کی چھیڑ بن چکے ہیں، بلاول اپنی رٹی رٹائی اور لکھی لکھائی تقریر کے جواب میں مراد سعید کی فی البدیہہ تقریر برداشت نہیں کر سکتے، مراد سعید کے کھڑے ہوتے ہی بلاول اپنے ہوش و حواس کھو کر اسمبلی فلور سے غائب ہو
جاتے ہیں۔ فیاض چوہان نے کہا کہ تمام پارلیمانی جمہوریتوں میں اپوزیشن اپنے تنقید کے حق کو استعمال کرنے کے ساتھ حکومتی بینچوں کی بات بھی سنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آئی انڈیکس کی جانب سے نئے حکومتی ریگولیشنز اور قوانین کے اجرا کے بعد پاکستانی ایٹمی پروگرام کو محفوظ ترین قرار دیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں ایٹمی پروگرام کی سیکورٹی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ ملک میں ہائیڈل پاور پلانٹس پربات کرتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ موجودہ حکومت بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، آزاد پتن ڈیم، داسو ہائیڈل پاور پلانٹ فیز ون، اور تربیلا ڈیم کے ذریعے 10670 میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کرنے جا رہی ہے۔