سکھر، خبروں کی اشاعت کے بعد اتائی ڈاکٹروں میں کھلبلی مچ گئی

168

سکھر (نمائندہ جسارت) اتائی ڈاکٹروں کے کلینک بند کروانے کے عدالتی احکامات کے باوجود دوبارہ جعلی بورڈ لگا کر کلینک کھولنے کی خبروں کی اشاعت کے بعد اتائی ڈاکٹروں میں کھلبلی مچ گئی، کارروائی سے بچنے کے لیے سفارشیں کروانا شروع کردیں۔ روہڑی شہر کے مختلف علاقوں مسان روڈ، اچھی قبیلوں، نیو یارڈ، لوکوشیڈ، آدھیا روڈ، پیارے واہ، منڈو دیرو، دبر سگرار، صالح پٹ، کھائی شیروجا، کندھرا سمیت دیگر علاقوں میں اتائی ڈاکٹروں کے کلینک بند کروانے کے عدالتی احکامات کے باوجود جعلی بورڈ لگا کر کلینک کھولنے کی خبریں شائع ہونے کے بعد ان ڈاکٹروں میں کھلبلی مچ گئی ہے اور کارروائی سے بچنے کے لیے محکمہ صحت کے افسران سے سفارشیں کروانا شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے افسران نے اتائی ڈاکٹروں کو مشورہ دیا ہے کہ کارروائی سے بچنے کے لیے کلینک پر اپنے ساتھ ایم بی بی ایس ڈاکٹر کو ضرور بٹھائیں ورنہ ان کیخلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔